پیر 22 جون 2026 - 17:31
امام بارگاہ بقیۃ اللہ کراچی میں بےقابو گاڑی کے سبب ایک بچی شہید اور 17 عزادار زخمی

حوزہ / کراچی میں امام بارگاہ بقیۃ اللہ (عج) کے احاطے میں تیز رفتار گاڑی کے داخل ہونے سے مبینہ طور پر ایک عزادار بچی شہید اور مجموعی طور پر 17 خواتین عزاداروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کے ڈیفنس فیز فائیو میں واقع مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ (عج) کے احاطے میں اتوار کی شب عزاداری و مجلس عزا کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی کے بے قابو ہو کر داخل ہونے سے ایک شہید اور کم از کم 17 افراد زخمی ہو گئے، جن میں اکثریت خواتین عزاداروں کی ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سوزوکی ویگن باہر نصب رکاوٹوں کو توڑتی ہوئی امام بارگاہ کے صحن میں گھس گئی اور وہاں موجود خواتین پر چڑھ گئی۔

رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی تیز رفتاری سے احاطے میں داخل ہوئی اور پردوں کے لیے لگائی گئی قنات کو توڑتی ہوئی عزادار خواتین کو زد میں لے آئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے میں ایک چودہ سالہ بچی زونیرہ دم توڑ گئی۔ جس کی میت جے ڈی سی سرد خانہ منتقل کر دی گئی ہے اور مجموعی طور پر 17 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا: پولیس نے گاڑی میں سوار تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا اور گاڑی کا بریک فیل ہونے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ بہرحال واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ علامہ شبیر حسن میثمی اور علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی سمیت مختلف شیعہ علما نے اس واقعے کو سکیورٹی کی سنگین ناکامی قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ عزاداری کے پرامن ماحول کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha